دبئی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے اثرات مصر، عراق اور بحیرۂ احمر تک پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کی دمیاطہ بندرگاہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔رپورٹس کے مطابق دمیاطہ بندرگاہ کے قدرتی گیس لوڈنگ ٹرمینل کے قریب ایک ڈرون حملہ ہوا، جس میں امریکی ملکیت کے ایک فلوٹنگ اسٹوریج ٹینکر کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، جو بعد ازاں قریب موجود ایک دوسرے جہاز تک بھی پھیل گئی۔برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی امبری کے مطابق دونوں جہازوں کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ فوری طور پر کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایران سے منسلک مسلح گروہوں کے مبینہ ٹھکانوں پر مشترکہ فضائی کارروائیاں کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے امریکی فوجیوں اور سعودی عرب کے تیل کے مراکز کو نشانہ بنانے والے حملوں کے جواب میں کیے گئے۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی مفادات پر حملے جاری رہے تو ایران کو سخت فوجی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا