ارجنٹائن: فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملے سمیت 7 افراد ہلاک

ارجنٹائن: فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملے سمیت 7 افراد ہلاک

ارجنٹائن کے مغربی صوبے سان خوان میں جنگلات کی آگ پر قابو پانے کے مشن پر مامور ایک فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

صوبائی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا بیل 412 ہیلی کاپٹر سان خوان کے ایشگوالاستو قدرتی پارک میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔سان خوان کے گورنر مارسیلو اوریگو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پیش آنے والے اس المناک حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔گورنر کے مطابق جاں بحق افراد میں فائر فائٹرز، پولیس اہلکار اور سول پروٹیکشن کے عملے کے ارکان شامل ہیں۔ایمرجنسی سروسز کے مطابق بدھ کی صبح ہیلی کاپٹر کا بیس اسٹیشن سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر پڑوسی صوبے لا ریوجا جا رہا تھا، جہاں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینا اس کے مشن کا حصہ تھا۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔