خیبرپختونخوا حکومت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ، ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کیلئے خصوصی پیکج منظور

خیبرپختونخوا حکومت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ، ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کیلئے خصوصی پیکج منظور

خیبرپختونخوا حکومت نے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کے مطابق قدرتی آفات سمیت دیگر اہم کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت پیش آتی ہے، تاہم مہمند میں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد صوبائی حکومت کے پاس صرف ایک ہیلی کاپٹر باقی رہ گیا ہے۔یاد رہے کہ 15 اگست کو باجوڑ ریلیف آپریشن کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں عملے کے اہلکار شہید ہوئے۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے حادثے کے شہداء کے لواحقین کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ان کے اہلخانہ کو پولیس کے برابر شہداء پیکج دیا جائے گا۔

دونوں پائلٹس کے لواحقین کو 2،2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
فلائٹ انجینئر سلیم کے ورثاء کو ڈیڑھ کروڑ روپے ملیں گے۔
دو کریو چیفس کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
پائلٹس میں کرنل (ر) شاہد سلطان اور آفتاب شامل تھے جبکہ دیگر پانچوں عملے کے افراد کنٹریکٹ ملازمین تھے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ ہیلی کاپٹر کے شہداء نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی زندگیاں قربان کیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانی سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔