لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی "میرا پیارا" ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، مسلسل تحقیقات اور مربوط رابطہ کاری کے ذریعے تین ماہ قبل گمشدہ ہونے والے بچے کو اس کے والدین سے ملا کر ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کر لی۔ترجمان کے مطابق غلام رسول نامی بچہ 13 اپریل 2026 کو تھانہ صدر مریدکے کی حدود سے گمشدہ حالت میں ملا تھا، جسے پولیس نے بحفاظت چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور منتقل کر دیا۔ بعد ازاں سیف سٹی کی "میرا پیارا" ٹیم نے بچے کا انٹرویو کیا اور اس کی فراہم کردہ محدود معلومات کی بنیاد پر والدین کی تلاش کا باقاعدہ آغاز کیا۔ بچے کو اپنے گھر کا مکمل پتہ یاد نہیں تھا، تاہم اسے صرف "32 چک" کا نام معلوم تھا۔ "میرا پیارا" ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، مختلف ذرائع اور زمینی تحقیقات کی مدد سے معلوم کیا کہ مذکورہ گاؤں ضلع پاکپتن میں واقع ہے۔مزید تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ بچے کے والدین 32 چک سے نقل مکانی کرکے عارف والا میں رہائش پذیر ہیں