ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری،مسائل سنے

 فراڈ، گھریلو تشدد، دھمکیوں اور دیگر شہری مسائل پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو میرٹ پر قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔ انہوں نے گروی اور لین دین سے متعلق فراڈ، گھریلو تشدد، دھمکیوں اور دیگر شہری مسائل پر فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے گروی سے متعلق فراڈ کی متعدد شکایات پر ایس ایچ او زساندہ، بھاٹی گیٹ اور شفیق آباد کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فراڈ کا شکار شہریوں کو فوری قانونی معاونت فراہم کی جائے اور ملزمان کے خلاف مقدمات میرٹ پر یکسو کیے جائیں۔ مزید انکوائری کے لیے بعض درخواستیں ایس پی اقبال ٹاؤن اور ایس ڈی پی او نولکھا کو بھی بھجوا دی گئیں۔اسی طرح لین دین میں فراڈ سے متعلق شکایات پر ایس ایچ او شیراکوٹ، کاہنہ، داتا دربار اور مصری شاہ کو بھی قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی۔فیصل کامران نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گروی اور مالی لین دین کے معاملات میں مکمل احتیاط برتی جائے اور کسی بھی قسم کا مالی معاملہ تحریری معاہدے کے بغیر نہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں اور فراڈ سے بچا جا سکے۔کھلی کچہری کے دوران گھریلو تشدد اور دھمکیوں سے متعلق شکایات پر بھی فوری نوٹس لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مناواں، مغل پورہ اور نواب ٹاؤن کو متاثرہ افراد، خصوصاً خواتین، کو ہر ممکن قانونی تحفظ اور معاونت فراہم کرنے اور فوری قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔؎انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ پولیس کی سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے، شہریوں کی شکایات کا بروقت اور میرٹ پر ازالہ یقینی بنایا جائے اور عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔