ڈی آئی جی فیصل کامران کی کھلی کچہری،مسائل سنے

پولیس کے خلاف شکایت کی صورت میں براہ راست میرے دفتر آئیں
 مساجد میں کھلی کچہریوں کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے یومِ ِتشکر کے تناظر میں تقریبات،ریلیوں کی سکیورٹی کے ساتھ اپنے دفتر اور مسجد میں کھلی کچہریاں بھی لگائیں۔ فیصل کامران نے شہریوں کے مسائل اْن کی دیلیز پر حل کرنے کیلئے جامع مسجد مدینہ شالیمار لنک روڈپر کھلی کچہری لگائی۔ ایس پی کینٹ، ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوز و دیگر افسران اس موقع پر موجودتھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کوموقع پر احکامات جاری کیے۔ فیصل کامران نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز، جھوٹے مقدمات کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی ہے۔شہریوں سے زیادتی، نا انصافی ہرگز برداشت نہیں۔ جہاں شہریوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے والوں کو جیل بھیجاجاررہا ہے وہیں تھانہ کی سطح پر مسائل حل نہ کرنے والے افسران کے احتساب کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تما م افسران بشمول ایس ایچ اوز ہر جمعہ مساجد میں کھلی کچہریاں لگارہے ہیں۔ مساجد میں کھلی کچہریوں کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔فیصل کامران نے کہا کہ قانون کی بالا دستی، متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنااولین ترجیح ہے۔پولیس کا ہر جوان آپ کی حفاظت اور مدد کیلئے موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔شہری جرائم کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔ پولیس کے خلاف شکایت کی صورت میں براہ راست میرے دفتر آئیں۔