خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد چوکی میں موجود اہلکاروں کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں اضافی نفری روانہ کی گئی، تاہم راستے میں دہشت گردوں نے پہلے سے گھات لگا کر کمک پر بھی حملہ کیا، جس سے آگے چلنے والی بکتر بند گاڑی (اے پی سی) کو شدید نقصان پہنچا۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق جوابی آپریشن کے دوران ڈی ایس پی دیار خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
آئی جی پولیس نے شہداء کی قربانیوں اور پولیس اہلکاروں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور صوبے سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات کی سفارش کی جائے گی، جبکہ وہ خود شہداء کے لواحقین سے ملاقات کر کے تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کریں گے۔