ہنگو میں خزینہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، ایک اہلکار زخمی

ہنگو میں خزینہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، ایک اہلکار زخمی

ہنگو میں دہشت گردوں نے گزشتہ رات خزینہ چیک پوسٹ پر قبضے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس پر پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بھرپور مزاحمت کی۔ دونوں جانب سے تقریباً تین گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد حملہ آور اپنے عزائم میں ناکام ہو کر فرار ہو گئے۔شدید جھڑپ کے دوران ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔