خیبر پختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے بروقت رسپانس دے کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقے درملک میں پولیس چوکی کے قریب دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کی۔ اس حملے کے نتیجے میں اے ایس آئی اشفاق موقع پر شہید ہوگئے جبکہ کانسٹیبل یاسر اور شفقت محمود زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ٹائپ ڈی اسپتال لاچی منتقل کیا گیا، جہاں سے دو اہلکاروں کو مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوہاٹ ریفر کر دیا گیا۔حکام کے مطابق آپریشن کی نگرانی سینئر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کوہاٹ محمد عارف خٹک اور ایمرجنسی آفیسر حضرت نواب خان نے خود کی۔
ڈی پی او کوہاٹ نے بتایا کہ پولیس ٹیم سرچ آپریشن سے واپس آرہی تھی کہ دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور حملہ ناکام بنایا۔دوسری جانب باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے گوہاٹی میں دہشت گردوں کی جانب سے آبادی پر مارٹر گولہ داغا گیا جس کے نتیجے میں ایک مقامی شخص شاکر اللہ شہید جبکہ نیاز محمد زخمی ہوگئے۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا جبکہ شہید شاکر اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ادھر حکام کے مطابق تحصیل لوئی ماموند کے مختلف علاقوں غاخی، نختر اور گوہاٹی سے خوف کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے۔ مقامی آبادی نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری سیکیورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔