پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے طریقہ کار کے خلاف ٹرانسپورٹرز کا احتجاج ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے آئندہ ایک سے دو روز میں ملک گیر ہڑتال کی کال دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مطابق اس معاملے پر ٹرانسپورٹرز کے مسلسل اجلاس جاری ہیں اور ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز سے مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کے بعد ہڑتال سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، ٹیکسوں اور دیگر اخراجات نے ٹرانسپورٹ کا کاروبار شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل ناقابل قبول ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔انہوں نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے چارجز اور ٹریفک چالانوں میں ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دسمبر میں ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔