حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر رات نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ طریقہ کار کے تحت اوگرا موٹر اسپرٹ (پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر ازسرِ نو تعین کرے گی، جبکہ نئی قیمتیں ہر رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد قیمتوں کے تعین کو عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے زیادہ ہم آہنگ بنانا ہے، جبکہ اس طریقہ کار کے نفاذ کے بعد قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا براہِ راست کردار بھی نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔اگر اس مجوزہ نظام کی منظوری دی گئی تو پاکستان میں پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین پندرہ روزہ یا ماہانہ بنیاد کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر مقامی مارکیٹ میں بھی زیادہ تیزی سے منتقل ہو سکے گا۔