گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹ کی مختلف تنظیموں نے آج سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

ہڑتال میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد، یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، گرینڈ ٹرانسپورٹ الائنس آف پاکستان سمیت دیگر ٹرانسپورٹ تنظیمیں شامل ہیں۔ٹرانسپورٹ تنظیموں کے رہنماؤں اور وفاقی و سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان، امداد نقوی، غلام یاسین اور ندیم اختر آرائیں سمیت دیگر رہنماؤں نے مذاکرات میں شرکت کی۔ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں، اس لیے ٹرانسپورٹرز اپنے ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں۔

ان کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر مواصلات، سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹروے مذاکرات میں شریک ہوئے۔ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری ایکسائز، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس، پی ٹی اے اور آر ٹی اے کے سیکریٹریز مذاکرات میں موجود تھے۔

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہونے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔