اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ بنیادوں پر تعین کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 30 جولائی کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کے حکام کو اجلاس میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ قیمتوں کے تعین کی تجویز کی وجوہات، اس کا قانونی و معاشی جواز اور پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کریں۔قائمہ کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ عوام اور صارفین پر اس پالیسی کے ممکنہ اثرات، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اس کے معاشی نتائج کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے۔اجلاس میں اس مجوزہ نظام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ متعلقہ حکام سے سوالات بھی کیے جائیں گے تاکہ اس پالیسی کے ممکنہ فوائد اور خدشات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔