پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

کراچی میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں کرایوں میں اضافہ کرنے اور دوبارہ ملک گیر ہڑتال کرنے کا عندیہ دے دیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے اگست کی ہڑتال 40 روز کیلئے مؤخر کی تھی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومتوں کی جانب سے مانگا گیا 40 روز کا وقت آئندہ ہفتے ختم ہو رہا ہے۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور گزشتہ ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دیا جائے۔