وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر بہترین سجی ہوئی گاڑی، دکان یا عمارت پر انعام دیا جائے گا۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات شاندار انداز میں منائی جائیں گی اور اس موقع پر سندھ سب سے آگے ہوگا۔
جھنڈے، پرچم کشائی اور تقریبات
مراد علی شاہ نے کہا:سرکاری اور نجی عمارتوں پر جھنڈے لگائے جائیں گے۔ضلع ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔حیدرآباد کے رانی باغ میں کلچرل تقریب اور کنسرٹ ہوگا، جب کہ سکھر میں "معرکۂ حق" کے سلسلے میں ثقافتی تقریب ہوگی۔
کراچی میں بڑی تقریب اور ریلیاں
کراچی میں سی ویو پر جشنِ آزادی کی بڑی تقریب منعقد ہوگی۔ونٹیج کار اور ہیوی بائیک ریلیاں کرانے کی کوشش ہوگی۔خواتین کے میلے، پینٹنگ اور گائیکی کے مقابلے، رکشہ ریلی اور مشاعرہ بھی جشن کا حصہ ہوں گے۔
سیکیورٹی اور ٹریفک پلان
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی ٹریفک کو خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام باآسانی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
سیاسی جماعتوں کی شرکت اور اسکولز کا شیڈول
تمام سیاسی جماعتوں کو تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور باضابطہ دعوت نامے ارسال کیے جائیں گے۔14 اگست کی تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔9 سے 11 اگست تک شاہ عبداللطیف بھٹائی کے میلے میں بھی جشنِ آزادی کی رنگارنگ تقریبات شامل ہوں گی۔