وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہیں، جس کے لیے مختلف شہروں میں رنگا رنگ پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے بتایا کہ آج یہاں جشنِ آزادی کے حوالے سے مشاعرہ اور آتشبازی کا شاندار پروگرام منعقد ہوگا۔ انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فیملیز کے ہمراہ ان تقریبات میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ملکی جذبہ جذبے کو مزید تقویت ملے۔ مزید بتایا کہ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں ایک بڑا پروگرام ہوگا جہاں خواتین اور جسمانی معذوری کے شکار افراد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیر بلدیات نے بتایا کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے رانی باغ میں ہونے والا پروگرام پاکستان کی تاریخ کے بڑے کنسرٹس میں شمار کیا جا سکتا ہے، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ 12 اگست کو مزارِ قائد پر رات میں لیزر لائٹ شو کا انعقاد ہوگا، جبکہ فریئر ہال میں جاری تین روزہ فیملی فیسٹیول بھی جاری ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پورے صوبے میں مختلف پروگرامز ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ 14 اگست تک اسی طرح جوش و خروش کے ساتھ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر بڑے پروگرام میں آتشبازی کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کا سلسلہ کل سکھر اور حیدرآباد میں بھی جاری رہے گا۔ ان پروگرامز کو اسپانسر کرنے والے افراد اپنے نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔وزیر بلدیات سندھ نے مشاعرہ کے حوالے سے بھی کہا کہ اس میں بھی ممکنہ طور پر کچھ رقم خرچ کی گئی ہے، اور گورنر سندھ بھی مختلف بڑے ایونٹس منعقد کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔بعد ازاں سینیٹر وقار مہدی نے بھی کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان تقریبات میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی میں مشاعروں کا شہر رہا ہے اور ان کا خیال ہے کہ آج کا مشاعرہ تاریخ رقم کرے گا۔