جشنِ آزادی: توپوں کی سلامی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں

جشنِ آزادی: توپوں کی سلامی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

 اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔یوم آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر جشن کو "معرکہ حق کی عظیم فتح" کے نام سے منایا جا رہا ہے۔ رات کے بارہ بجتے ہی ملک کے بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، اور کوئٹہ میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے دیکھنے کو ملے، جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا اور شہری دلفریب مناظر سے محظوظ ہوئے۔

مزار قائد پر خصوصی تقریبات:

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔اعزازی گارڈ میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال تھے، جنہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔پاک بحریہ کی جانب سے بابائے قوم محمد علی جناحؒ کو قومی سلام پیش کیا گیا۔ملک بھر میں آج مختلف شہروں میں تقریباً ہر سطح پر جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں، جن میں عوام نے بھرپور شرکت کی اور قومی جذبے کو اجاگر کیا۔