جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، بازار قومی پرچموں اور سبز ہلالی سجاوٹ سے سج گئے

جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، بازار قومی پرچموں اور سبز ہلالی سجاوٹ سے سج گئے

شہر کے مختلف چوک چوراہوں، اہم شاہراہوں اور بازاروں میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے سجاوٹی اشیاء کے سٹالز سج گئے ہیں، جہاں شہری بڑی تعداد میں خریداری کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

سٹالز پر قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، ماسک، ٹوپیاں، فیس پینٹنگ کا سامان اور دیگر سجاوٹی اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں۔ بچے، نوجوان اور خاندان بھرپور جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگست کا مہینہ وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور آزادی کے جذبے کو تازہ کرنے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ ان کے مطابق گھروں، گلیوں، بازاروں اور دفاتر کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجانے کی روایت ہر سال جشنِ آزادی کی رونقوں میں اضافہ کرتی ہے۔دوسری جانب متعدد شہریوں نے قومی پرچم، جھنڈیوں اور دیگر سجاوٹی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال قیمتیں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہیں، جس سے عام خریدار متاثر ہو رہے ہیں۔یومِ آزادی قریب آنے کے ساتھ ہی بازاروں میں خریداری کا رجحان مزید بڑھنے کی توقع ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات اور سجاوٹ کی تیاریاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔