وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اگست 2026 کو جشنِ آزادی کو یادگار اور بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں لاہور میں ہونے والی تقریبات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے لیے مختلف سرگرمیوں کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں کھیلوں، ثقافتی، قومی اور تفریحی پروگرام شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ اس سال لاہور میں جشنِ آزادی کو قومی جذبے اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا۔ مختلف تقریبات کے ذریعے عوامی شرکت، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ پورے شہر میں سپورٹس ایونٹس، ثقافتی سرگرمیاں، چراغاں اور خصوصی لائٹنگ کے ذریعے جشنِ آزادی کو منایا جائے گا۔ مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک نے کہا کہ لاہور کو جشنِ آزادی کی مرکزی تقریبات کا مرکز بنایا جائے گا اور شہر کو قومی رنگوں اور بھرپور تقریبات سے سجا دیا جائے گا، تاکہ یہ مہینہ یادگار بنے۔