آئی جی پنجاب کی زیر صدارت لیگل افسروں کا اجلاس

 لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت لیگل افسران کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی سیکیورٹی/لیگل اویس احمد ملک، اے آئی جیز لیگل، ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز لیگل نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیگل انسپکٹرز کی سنیارٹی، سروس سٹرکچر اور پروموشن کے معاملات زیر غور آئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانونی و عدالتی معاملات میں لیگل افسران پنجاب پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ لیگل افسران کے سروس سٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ لیگل انسپکٹرز کی یکساں پروموشن کے لیے طریقہ کار طے کرنے پر مشاورت اور تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا لیگل سٹرکچر مزید بہتر بنانے کے لیے ایس پیز اور ڈی ایس پیز لیگل کی نئی سیٹیں تشکیل دی جائیں گی۔