وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس‘ عسکری قیادت کے علاوہ اعلی سول حکام اور انٹیلی جنس اداروں کے افسروں کی شرکت‘ قومی وداخلی سلامتی یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری

 دہشت گردوں  کیساتھ پوری قوت سے نمٹا جائیگا  سول وعسکری قیادت کا اتفاق ریاست اور حکومت کسی قیمت پر دہشت گردوں کے آگے سرنگوں نہیں ہوگی ‘ نہ ہی ان سے کسی قسم کے مذاکرات ہوں گے:اجلاس میں فیصلہ‘ دہشت گردوں کو مکمل طور پر بیرونی مدد حاصل تھی:وزیراعظم کو بریفنگ
معیشت کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے، کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، حکومت آپ کا بھرپور ساتھ دے گی:شہباز شریف کی  مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آبا د(آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی و داخلی سلامتی کی صورت حال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری قیادت کے علاوہ اعلی سول حکام اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں سانحہ جعفر ایکسپریس کی وجہ سے پیدا صورت حال بھی تفصیلی طور پر زیر بحث آئی ،وزیر اعظم شہباز شریف کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،ذرائع کے مطابق خواتین اور بچوں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرانے اور دہشت گرد عناصر کے سہولت کاروں اور ماسٹرمائنڈ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا گیا  ان دہشت گردوں کو مکمل طور پر بیرونی مدد حاصل تھی ،اجلاس میں قومی وداخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریاست اور حکومت کسی قیمت پر دہشت گردوں کے آگے سرنگوں نہیں ہوگی اور نہ ہی ان سے کسی قسم کے مذاکرات ہوں گے بلکہ دہشت گردی میں ملوث اور ان کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے نمٹا جائیگا دریں اثناء  شہباز شریف سے پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی اور معاشی استحکام پر حکومتی ٹیم کی تعریف کی، مشاورتی عمل کا حصہ بنانے پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام وزارتیں اور متعلقہ سیکرٹریز چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کے بعد ان کی تجاویز پر پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل پیش کریں، معاشی استحکام کا حصول پہلا زینہ ہے، ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہوا ہے۔وزیر اعظم نے کہا  معیشت کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے، کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، حکومت آپ کا بھرپور ساتھ دے گی، پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل معاشی حالات کے باوجود صنعت و تجارت کا سلسلہ جاری رکھا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور دیگر اصلاحات کی بدولت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیس لیس کلیئرنس سسٹم سے بندرگاہوں پر کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، تاجر برادری حکومت کے ٹیکس ریونیو میں اضافے کیلئے سسٹم میں اصلاحات پر اپنی تجاویز دے۔