745 افراد شدید زخمی،لاہور پہلے، فیصل آباد دوسرے، ملتان تیسرے نمبر پر رہا
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1311 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 745 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 771 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (76 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 841 ڈرائیورز، 51 کم عمر ڈرائیور، 508 مسافر اور 179 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 253 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 317 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 104 حادثات میں 116 متاثرین کے ساتھ دوسرے، ملتان 88 حادثات میں 96 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1528 متاثرین میں 1234 مرد اور 294 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 307 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 810 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 411 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1265 موٹر سائیکلیں، 66 آٹو رکشے، 154 کاریں، 28 وین، 8 مسافر بسیں، 29 ٹرک اور 109 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں