پنجاب بھر میں 1378 ٹریفک حادثات، 690 افراد زخمی

77 فیصد حادثات میں موٹر سائیکل ملوث، ٹریفک نظم و ضبط اپنانے کی اپیل
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1378 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 690 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی  ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 927 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی رہی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ روڈ حادثات کی شرح کم کرنے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور لائن و لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ان حادثات میں 884 ڈرائیور، 53 کم عمر ڈرائیور، 560 مسافر اور 181 پیدل افراد متاثر ہوئے۔ لاہور میں 265 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 313 افراد متاثر ہوئے، فیصل آباد دوسرے اور ملتان تیسرے نمبر پر رہے۔ زخمیوں میں 1314 مرد اور 311 خواتین شامل ہیں، جن میں سے 277 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 903 کی عمر 18 سے 40 سال جبکہ 445 زخمیوں کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں 1371 موٹرسائیکلز، 91 آٹو رکشے، 130 کاریں، 32 وین، 14 بسیں، 23 ٹرک اور 166 دیگر گاڑیاں ملوث رہیں۔