مانگا منڈی:5منشیات فروش گرفتار، چرس برآمد

 ملزموں نے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا

 لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی صدر رانا حسین طاہر کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف پولیس ان ایکشن ہے۔ ایس ایچ او مانگا منڈی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر کے مطابق ملزمان کی شناخت عبدالغنی، علی اکبر، ارشد، جان محمد اور منشا کے نام سے ہوئی۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 7 کلو 360 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزمان نے بذریعہ آن لائن منشیات منگوا کر پوش علاقوں، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں، کالجز، ہوسٹلز کے اطراف میں نوجوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی صدر نے ایس ایچ او مانگا منڈی اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر کے مطابق نوجوان نسل کی بربادی اور طلبا کے مستقبل کو تباہ کرنے والے منشیات فروشوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔