مردہ خانے کی انڈر گراؤنڈ کیبل خراب ہونے سے کولنگ ختم ،عملے نے مزید میتیں رکھنے سے انکار کر دیا
لاہور (کرائم رپورٹر) جناح ہسپتال ڈیڈ ہاؤس کی بجلی خراب، 6 روز سے بجلی بند ہونے سے مردہ خانے کے اے سی بند ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مردہ خانے میں موجود ڈیڈ باڈیز خراب ہونا شروع ہو گئیں۔ کولنگ نہ ہونے کے باعث عملے نے مزید میتیں رکھنے سے انکار کر دیا۔ مردہ خانے کی انڈر گراؤنڈ کیبل خراب ہونے سے کولنگ ختم ہوئی، انتظامیہ کو یاد دہانی کے باوجود کیبل مرمت نہیں کرائی جارہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث مردہ خانے کے چلر بھی بند ہو گئے، مردہ خانے میں موجود ڈیڈ باڈیز خراب ہونا شروع ہو گئیں، کولنگ نہ ہونے کے باعث عملے نے مزید میتیں رکھنے سے انکار کر دیا۔ اس حوالے سے وی سی علامہ اقبال یونیورسٹی سمیت عملہ کو مطلع کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کا عملہ بارہا یاد دہانی کے باوجود کیبل مرمت نہیں کر رہا ہے۔ لیسکو ذرائع کا کہنا تھا کہ مردہ خانے کی بجلی کیبل خرابی کی وجہ سے بند ہے، مردہ خانے کی بجلی کیبل کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں۔ لیسکو کا ٹرانسفارمر معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، مردہ خانے کی انڈر گراؤنڈ کیبل کی مرمت یا تبدیلی کی ذمہ داری یونیورسٹی کی ہے۔