مریض پریشانی سے دوچار رہے ،ہسپتال کے بیشتر شعبے اندھیرے میں ڈوب گئے ، جنریٹرز سے بجلی دی گئی :انتظامیہ
لاہور (کرائم رپورٹر) جناح ہسپتال چار گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی کی بندش کا شکار رہا، جس کے باعث ہسپتال کے بیشتر شعبے اندھیرے میں ڈوب گئے اور جاری آپریشنز کو بھی روکنا پڑا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بجلی کی بندش کی وجہ تکنیکی خرابی تھی جس کی مرمت کے لئے لیسکو حکام کو مطلع کیاگیا۔بجلی کی طویل بندش کے باعث ہسپتال میں موجود مریضوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ آپریشن تھیٹرز، لیبارٹریز اور دیگر اہم شعبہ جات متاثر ہوئے، جس کے باعث متعدد آپریشنز موخر کر دئییگئے۔انتظامیہ کا کہنا تھا ہسپتال کے چند ضروری ڈیپارٹمنٹس کو جنریٹرز کے ذریعے بجلی فراہم کی گئی تاکہ ایمرجنسی سروسز کسی حد تک بحال رہیں۔ تاہم مجموعی طور پر ہسپتال میں بجلی کی غیر موجودگی سے مریضوں کو علاج میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں اور مریضوں کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بندش جیسے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے ہسپتال میں متبادل انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔