زائرین کا شہداء چوک علمدار روڈ پر احتجاج،حکومت کیخلاف نعرے بازی مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا
ایئر ٹکٹ انتہائی مہنگے، اتنی بڑی تعداد میں لوگ فضائی سفر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے،زائرین
کوئٹہ(آئی این پی)وفاقی حکومت کی جانب سے ایران اور عراق کے لیے زمینی سفر پر پابندی کے باعث خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں زائرین کوئٹہ میں پھنس گئے ہیں، اس فیصلے کے خلاف زائرین نے شدید احتجاج کیا۔رپورٹ کے مطابق 5 مسافر کوچوں کے ذریعے اتوار کی رات کوئٹہ پہنچنے والے زائرین نے شہداء چوک علمدار روڈ پر احتجاج کیا اور مرکزی شاہراہ کو بند کر دیا، یہ علاقہ شہر کی اہم امام بارگاہوں کا مرکز ہے۔مظاہرین نے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنما کی موجودگی میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ زمینی سفر پر پابندی قابل قبول نہیں، ہم کربلا جائیں گے، چاہے کچھ بھی ہو جائے، شرکا ء نے نعرے لگائے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے فضائی سفر کی متبادل تجویز کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایئر ٹکٹ انتہائی مہنگے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں لوگ فضائی سفر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔