دفتر خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں سے طویل مشاورت کے بعد عوام کے تحفظ اور نیشنل سکیورٹی کے پیش نظر یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا،زائرین اربعین کے لیے ہوائی سفرکر سکتے ہیں،وزیرداخلہ کاسوشل میڈیاپربیان
ایف سی بلوچستان نارتھ کی امن کیلئے قربانیاں انمٹ ہیں، فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں شجاعت کی تاریخ رقم کی ،محسن نقوی کی ہیڈ کوارٹرز نارتھ فرنٹیئر کور بلوچستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو،یادگارشہداء پر حاضری دی
اسلام آباد؍ کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ رواں سال اربعین کے لیے بذریعہ سڑک ایران اور عراق جانے کی اجازت نہیں ہو گی، زائرین صرف فضائی راستے کے ذریعے جا سکیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ دفتر خارجہ، بلوچستان حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں سے طویل مشاورت کے بعد عوام کے تحفظ اور نیشنل سکیورٹی کے پیش نظر یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے وزیرِ اعظم کو زائرین کی نئی پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔وزیرِ اعظم نے زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی، ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرِاعظم نے وزیرِ داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔محسن نقوی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ زائرین اربعین کے لیے ہوائی سفرکر سکتے ہیں، وزیراعظم نے اربعین کے لیے زیادہ سے زیادہ فلائٹس چلانے کے احکامات دے دیے ہیں۔دریں اثنائوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قیام امن کیلئے قربانیاں انمٹ ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے ہیڈ کوارٹرز نارتھ فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا، ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے آئی جی میجر جنرل عابد مظہر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا افسران سے تعارف کرایا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جبکہ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے فورس کی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے بارے بریفنگ دی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کے گراں قدر خدمات کو سراہا اور کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ مایہ ناز فورس ہے، ایف سی بلوچستان نارتھ کی قیام امن کیلئے قربانیاں انمٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں اس فورس کے افسروں اور جوانوں نے شجاعت کی تاریخ رقم کی ہے، فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔