باغیوں نے ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے،11دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی منسوخ ہے،طارق سمیع اللہ
دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کو سہولت فراہمی کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہے ،واٹس ایپ اور ای میل پر رابطہ کیا جاسکتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ) باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد باغی ملیشیا حیات التحریر الشام نے سرکاری عمارتوں اور ائیر پورٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریبا 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ۔کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔ طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی منسوخ ہے۔زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا شیڈول واضح نہیں، دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کے باعث زائرین میں خوف و ہراس ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ امور نے شام کی موجودہ صورتحال پر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کردیا ہے۔پاکستانی شہری اور ان کے اہلخانہ ٹیلیفون، ای میل کے ذریعے یونٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فون نمبر 051-9207887 اور ای میل mailto:cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کو سہولت فراہمی کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ دمشق میں پاکستان کے سفارتخانے سے واٹس ایپ اور ای میل پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، دمشق میں واٹس ایپ 927138990963 اور 822127987963 پر رابطہ کریں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری دمشق میں ای میل mailto:parepdamascus@mofa.gov.pk پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔