بسنت فیسٹیول میں لاہور اور پاکستان دونوں کی فتح، ثقافت پر تالے نہیں لگائے جاتے:مریم اورنگزیب

بسنت فیسٹیول میں لاہور اور پاکستان دونوں کی فتح، ثقافت پر تالے نہیں لگائے جاتے:مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثقافت اور کلچر پر تالے نہیں لگائے جاتے بلکہ انہیں بہتر انداز میں منظم کیا جاتا ہے، اور بسنت فیسٹیول میں لاہور اور پاکستان دونوں کامیاب ہوئے ہیں۔

اندرونِ لاہور حویلی آصف جاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے حوالے سے ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا اور اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ بسنت کے موقع پر 14 لاکھ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگائی گئیں، جبکہ 512 بسوں کے ذریعے شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کی گئی۔ تین روز کے دوران 20 لاکھ افراد نے اس مفت ٹرانسپورٹ سروس سے فائدہ اٹھایا، جب کہ لاہور میں 10 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ثقافت اور کلچر کو ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ انہیں بہتر انتظام کے ذریعے محفوظ بنایا جاتا ہے۔ کامیاب بسنت میں ہر طبقے کے لوگوں نے بھرپور انداز میں خوشیاں منائیں، اور یہ تہوار لاہور اور پاکستان کی کامیابی ثابت ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال بسنت مزید بہتر اور بھرپور انداز میں منائی جائے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت کو فروغ دیا گیا، جبکہ 8 فروری کو “جلا دو اور گرا دو” کی کال دی گئی، جسے عوام نے مسترد کر دیا۔