وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی اور مضبوطی میں فوج اور حکومت کی مشترکہ کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شراکت داری نے پاکستان کو دنیا میں ایک منفرد مقام دلانے میں مدد دی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں فتح کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ مضبوط ہوئی ہے، دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے اور سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اگر ان کی مدد نہ ہوتی تو کئی اہم مسائل حل نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور فوج کی یہ پارٹنر شپ ملکی استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے اور اسی شراکت داری کے ذریعے پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اور مستحکم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی مضبوطی اور ترقی دیکھ کر بھارت سمیت دشمن ملکوں کو بھی حیرت ہوگی کہ پاکستان اتنا مضبوط اور منظم کیسے بن گیا۔تقریب میں ملکی اداروں اور فوج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، جہاں وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومت اور فوج کی ہم آہنگی اسی طرح جاری رہنی چاہیے تاکہ پاکستان کی معاشی اور دفاعی ترقی کے لیے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔