الحمد اللّٰہ ملکی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے:وزیرِ اعظم

الحمد اللّٰہ ملکی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے:وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمد اللّٰہ ملکی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے اور اس میں بہتری آ رہی ہے، جس میں شرح سود اور مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

وزیرِ اعظم سے کاروباری شخصیات کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ملک میں سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔اعلامیے کے مطابق، وفد میں شاہد حسین، ایس ایم تنویر، میاں احسن، سلیم غوری، گوہر اعجاز، سید یاور علی، عاطف شیخ، فواد مختار، شہزاد ملک، عثمان ملک، عاطف انعام اور شہزاد اصغر شامل تھے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مخلص اور دیانتدار کاروباری برادری ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں بھی کاروباری افراد نے ملکی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے اپنا سرمایہ ملک میں لگایا، جس کی بدولت ملک کی معیشت کا پہیہ چلا اور لوگوں کو روزگار ملا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ آپ کی مشاورت اور آراء سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے اور تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیز کریں گے۔ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کا سفر مقامی سرمایہ کاروں سے شروع ہوتا ہے، اور مشاورت کا مقصد ملکی معیشت کی ترقی میں تیزی لانا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹریڈ افسران کو تجارت و برآمدات کے فروغ کے حوالے سے واضح اہداف فراہم کیے جا چکے ہیں۔