امن کی کوششوں کی حمایت پر چینی قیادت کا مشکور ہوں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

امن کی کوششوں کی حمایت پر چینی قیادت کا مشکور ہوں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے اور پاکستان امن و جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں چین کی حمایت پر شکر گزار ہے۔

چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ منعقد کیا گیا، جہاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔ پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار بھی شامل تھے۔تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ چینی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیرِ اعظم پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جن میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھی ہے اور خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کا دورہ ہمیشہ ان کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی 75 سالہ دوستی کو تاریخی قرار دیا۔انہوں نے چین کے صوبے شانشی میں کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی بھی کی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ علاقائی کشیدگی میں امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ خطے میں امن قائم ہوگا۔ان کے مطابق پاکستان اور چین مل کر خطے میں استحکام اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔