ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسنت کے موقع پر شہر میں پتنگوں اور متعلقہ سامان کی ممکنہ قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرون لاہور سے پتنگیں اور ڈور لانے کے لیے مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹیشن پرمٹ کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔لائسنس یافتہ ٹریڈرز ای-بیز پورٹل کے ذریعے پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ صرف رجسٹرڈ تاجروں کو ہی کاروبار کی مشروط اور قانونی اجازت دی جائے گی۔ پرمٹ میں پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی مقدار اور تفصیلات کے ساتھ ساتھ گاڑی کا نمبر، ماڈل اور ڈرائیور کی معلومات بھی شامل کرنا لازمی ہوگا۔ ایک پرمٹ صرف ایک بار سامان منگوانے کے لیے کارآمد ہوگا۔پرمٹ کے اجراء سے بیرون لاہور سے پتنگیں منگوانے میں آسانی ہوگی، جس سے طلب و رسد میں توازن پیدا ہوگا، نرخوں میں استحکام آئے گا اور پتنگوں کی قلت کے مسئلے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔