عدیم اور عاطف کھمبوں سے ٹکرا کر زخمی ہوئے، وقاص سے ڈیڑھ کلو چرس پکڑی گئی
منڈی بہاؤالدین میں ڈلیوری بوائے پر فائرنگ کرنیوالا ملزم مدثر زخمی حالت میں پکڑا گیا
گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین (خصوصی رپورٹ )گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 6 پولیس مقابلے اور کارروائیاں، 7 ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس سے مبینہ مقابلہ میں موٹر سائیکل چوری اور منشیات فروشی کا ریکارڈ یافتہ ملزم عدیم فرار ہوتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کرکے 1420 گرام چرس، ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ،اسی طرح تھانہ دھلے کی حدود میں بھی ریکارڈ یافتہ منشیات فروش عاطف پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرکے قبضہ سے 1520 گرام چرس بر آمد کر لی گئی۔ ادھر تھانہ گرجاکھ میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ملزم علی حمزہ دیورا سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا، اس بھی گرفتار کرکے 1320 گرام ہیروئن برآمدکر لی گئی۔ تھانہ گکھڑ منڈی پولیس نے ناکہ سے فرار 2 ریکارڈ یافتہ منشیات فروشوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،تنویر سے 1540 گرام چرس اور وقاص سے 1560 گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ سوہدرہ پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ذوالقرنین عرف بھالو کو گرفتار کرکے 1560 گرام چرس ،تھانہ فیروز والہ پولیس نے منشیات فروش دانش علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے قبضہ سے 1340 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ادھر منڈی بہاؤالدین کے علاقہ چک نمبر 9 کے قریب تھانہ ملکوال پولیس سے مبینہ مقابلہ میں ملزم مدثر سکنہ ہریا زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا، ملزم نے جون 2024 میں ہریا کے قریب ایک واردات کے دوران فائرنگ کرکے ڈیلیوری بوائے کو زخمی کر دیا تھا۔