سیالکوٹ ،بصیر پور ،ساہیوال، سمبڑیال میں مقابلے ہوئے علاقہ وریو میں 2 ڈاکو مارے گئے ،پسرور میں جبار انجام کو پہنچا
سمبڑیال میں دو ڈاکو ، سی سی ڈی ساہیوال سے مقابلہ ایک ڈاکو ہلاک ، دوسرا فرار، ماتاں پھاٹک کے قریب بھی ڈاکو ہلاک
سیالکوٹ، بصیر پور ،ساہیوال، سمبڑیال (خصوصی رپورٹ )سیالکوٹ کے صدر سرکل اور پسرور سرکل ، بصیر پور ، ساہیوال اور سمبڑیال میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں میں 7ملزم ہلاک ہوگئے۔ تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ وریو کے قریب سی سی ڈی ٹیم اشتہاری ملزموں کی تلاش میں تھی کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزموں نے فائرنگ کردی، دوطرفہ فائرنگ تبادلے کے بعد دو ملزم وقاص عرف منا اور شبیر عرف مکوڑا شدید زخمی حالت میں ملے جو ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہلاک ہوگئے،انکے دو ساتھی ملزم فرار ہوگئے۔ادھر پسرور سرکل میں دو ملزموں نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، اس دوران ایک ملزم جبار اپنے ہی ساتھی کی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم زخمی ہوگیا۔ دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلئے گئے۔بصیرپور کے علاقہ ماتاں پھاٹک کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ،دو فرار ہوگئے۔ بصیرپور سی سی ڈی ٹیم علاقہ میں ٹرانسفارمرچوری کی وارداتوں کے انسداد کے سلسلہ میں موجود تھی کہ ملزم کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو سلیم عرف سلیمی عرف بوٹا رہزنی، نقب زنی اور ٹرانسفارمر لفٹنگ جیسے 35 مقدمات میں ملوث نکلا۔ سی سی ڈی ساہیوال اور ڈاکوئوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں بدنام زمانہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ سی سی ڈی ساہیوال ٹیم بسلسلہ گشت و پڑتال جرائم محمد پور روڈ پر موجود تھی کہ دوران ناکہ بندی اچانک تین نا معلوم افراد موٹر سائیکل کو مشکوک جانتے ہوئے روکا۔ سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کیا جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کردی اور موٹر سائیکل قابو میں نہ ہونے کی وجہ سے پھینک کر نزدیکی فصل کی آڑ لی اور مسلسل فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک نا معلوم ڈاکو ہلاک پایا گیا جبکہ ساتھی ڈاکو فرارہوگئے۔ ہلاک ھونے والے ڈاکو کی شناخت الیاس عرف الیاسی کے نام سے ہوئی۔ سمبڑیال میں سی سی ڈی ٹیم اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دو ملزم ہلاک ہو گے پہلا مقابلہ ساہووالہ کے قریب ہوا جہاں پر ساہنے والے کا رہائشی ریکارڈ یافتہ ملزم محمد فیاض مارا گیا جبکہ دوسرا مقابلہ سمبڑیال کے گاوں ملکھانوالہ کے قریب ہوا جہاں پر اس مقابلے میں پسرور کا رہائشی ریکارڈ یافتہ ملزم قاسم اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا۔