پتنگوں پر تصاویر،گانوں پر پابندی کیخلاف درخواست پر اعتراض برقرار

 لیکچر نہیں سننا، پہلے آفس اعتراضات دور کریں پھر سماعت ہوگی :جسٹس اویس خالد 
درخواست کیساتھ پابندی کانوٹیفکیشن ، کچھ صفحات مدہم ہیں:رجسٹرار آفس کا اعتراض
لاہور (کرائم  رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں بسنت کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر چھاپنے اور گانوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ،عدالت نے آفس اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست واپس کردی۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اویس خالد نے پی ٹی آئی کے شیخ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ کسی بھی لیڈر کی تصویر پتنگ پر چھاپنے اور گانوں پرپابندی عائد کی گئی جن میں نک دا کوکا بھی شامل ہے ،اس گانے میں ایک بول میں بانی پی ٹی آئی کا ذکر ہے جس کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ڈی سی کا جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، عدالت تصاویر اور گانوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ دوران سماعت جسٹس اویس خالد نے ریمارکس میں کہا کہ میں نے لیکچر نہیں سننا، آپ پابندی کا نوٹیفکیشن اور کچھ دستاویزات لف کریں، آپ پہلے آفس اعتراضات دور کریں ،پھر سماعت ہوگی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ درخواست کے ساتھ پابندی کانوٹیفکیشن اور کچھ صفحات مدہم ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو آفس اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔