132 گانوں پر پابندی عائد

 پابندی ہر قسم کی سٹیج اور تھیٹر پرفارمنسزپر لاگو ہو گی، مقصد تھیٹر سٹیج کو مہذب اور معیاری تفریح کی جانب واپس لانا ،ذرائع 
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب کونسل آف دی آرٹس اور محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں 132 گانوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی ہر قسم کی سٹیج اور تھیٹر پرفارمنسز، خواہ وہ نجی ہوں یا کمرشل پر لاگو ہو گی۔محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق ممنوع قرار دئیے گئے گانوں کے بول، اشعار اور دھنیں غیر اخلاقی، اشتعال انگیز، فحش اور دوہرے معنی رکھتی ہیں، جو تھیٹر پرفارمنس کے طے شدہ ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ اقدام 13 اگست 2025 کو جاری کردہ تھیٹر پرفارمنس پالیسی کی روشنی میں اٹھایا گیا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی تاحکمِ ثانی نافذ رہے گی اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ پنجاب بھر کے تمام ڈویڑنل اور ضلعی آرٹس کونسلز کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی تھیٹرز کے مالکان و پروڈیوسرز کو سختی سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ممنوعہ گانوں کی فہرست پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔محکمے نے خبردار کیا ہے کہ ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھیٹر انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد تھیٹر سٹیج کو مہذب، خاندانی اور معیاری تفریح کی جانب واپس لانا ہے، تاہم اس فیصلے کے اثرات تھیٹر انڈسٹری پر گہرے پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔