وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے اور کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے شاہین، خاص طور پر بولرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم اگر اسی لگن اور محنت کے ساتھ کھیلتی رہی تو سیریز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی، ان کی ٹیم اور کوچز بھی اس فتح پر لائقِ تحسین ہیں۔ وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ وہ اور پوری قوم پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے۔