وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کی تیز کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کی تیز کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے ضروری وسائل حاصل کیے جا سکیں۔

یہ بیان وزیرِ اعظم نے معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا، جس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات فراہم کیں۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور معیشت کی ترقی کے لیے کئے گئے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرونی سرمایہ کار حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، اور عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی ہے، اور شرح سود بھی 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آ گئی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ترسیلاتِ زر کی ریکارڈ سطح کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئی ہے۔ زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔آخر میں وزیرِ اعظم نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی، اور کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہو گی جب ہر شعبہ اپنا حصہ ڈالے گا اور تمام شہری اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں گے۔