پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق نیلامی 10 مارچ 2026 کو منعقد کی جائے گی، جس کا مقصد شفاف، جامع اور بھرپور شرکت پر مبنی نیلامی کو یقینی بنانا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ نیلامی کا حتمی شیڈول تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد طے کیا گیا ہے تاکہ ٹیلی کام آپریٹرز اور ممکنہ بولی دہندگان کو مناسب تیاری کا وقت فراہم کیا جا سکے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ نیلامی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔یہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے کمیٹی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسپیکٹرم کی دستیابی، نیلامی کے ڈیزائن اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نظرثانی شدہ روڈ میپ کے تحت انفارمیشن میمورنڈم 9 جنوری 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد مشاورتی عمل شروع ہوا، اور اس مدت کو اب 6 فروری 2026 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ حتمی انفارمیشن میمورنڈم 13 فروری 2026 کو شائع کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ درخواست گزاروں کے لیے معلوماتی سیشن 16 فروری کو منعقد ہوگا۔ درخواستیں جمع کرانے اور پری بڈ ڈپازٹ کی آخری تاریخ 27 فروری شام 4 بجے مقرر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے اسی روز درخواست گزاروں کی فہرست جاری کرے گا، جبکہ اہل بولی دہندگان کی فہرست 3 مارچ کو شائع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نیلامی میں کم، درمیانی اور زیادہ فریکوئنسی والے متعدد اسپیکٹرم بینڈز شامل ہوں گے تاکہ ملک بھر میں 5جی نیٹ ورک کی مؤثر تعیناتی ممکن ہو۔ دستیاب اسپیکٹرم میں 700، 1800 اور 2100 میگا ہرٹز کے پیئرڈ بینڈز کے ساتھ ساتھ 2300، 2600 اور عالمی سطح پر ترجیحی 3500 میگا ہرٹز بینڈ شامل ہیں، جو تیز رفتار اور کم تاخیر والی فائیو جی سروسز کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔