ملتان: محکمۂ انہار نے دریائے ستلج کے پانی کا دباؤ کم کرنے اور اسے دریائے چناب کی طرف موڑنے کے لیے اہم تجویز دی ہے۔
تجویز کے مطابق موٹروے ایم فائیو پر شگاف ڈالنے کا امکان ہے تاکہ پانی کو محفوظ راستے سے گزارا جا سکے۔محکمہ انہار کے مطابق دریائے ستلج کا تقریباً 40 فیصد پانی اپنا رخ بدل چکا ہے۔ اوچ شریف روڈ پر شگاف پڑنے اور نورجہ بھٹہ کا بند ٹوٹنے سے ستلج کا پانی جلال پور پیروالا کی طرف بہہ رہا ہے، جبکہ اسے ہیڈ پنجند کی طرف جانا چاہیے تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پانی کے بہاؤ کو فوری کنٹرول نہ کیا گیا تو جلال پور پیروالا اور قریبی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر چیئرمین این ایچ اے، کمشنر ملتان، سیکریٹری انہار اور سیکریٹری سروسز پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس گزشتہ رات گیارہ بجے جلال پور پیروالا میں ہوا جس میں تمام ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔محکمہ انہار نے واضح کیا ہے کہ موٹروے پر شگاف ڈالنے کا فیصلہ انتہائی ناگزیر صورتحال میں کیا جائے گا تاکہ بڑے پیمانے پر تباہی سے بچا جا سکے۔