قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے گھر کی نیلامی کی خبریں بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہیں۔
نیب کی طرف سے عمران خان کی جائیدادوں کی نیلامی کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سرنڈر کر چکے ہیں اور اس کیس میں ان کی کسی بھی جائیداد کی نیلامی کے احکامات نہیں دیے گئے۔ اس کیس میں نیلامی کے احکامات صرف ان ملزمان کے لیے ہیں جو اشتہاری ہیں۔نیب کی جانب سے عدالتی احکامات کے تحت ضلعی انتظامیہ نے صرف تین جائیدادوں کی نیلامی شروع کی ہے جن میں موضع موہڑہ نور میں 405 کنال اور 248 کنال اراضی شامل ہے، جن کی نیلامی آج مقرر ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے کلب روڈ پر واقع زمین بھی نیلامی کے عمل میں ہے، جو کہ مفرور اشتہاری ملزمان کی جائیداد ہے اور ضبط کی گئی تھی۔یہ واضح کیا گیا ہے کہ عمران خان کی جائیدادیں اس نیلامی میں شامل نہیں اور جو نیلامی ہو رہی ہے وہ صرف اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں کی ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی افواہوں یا غلط خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔