ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی جون 2025 میں لانچ ہوگی

ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی جون 2025 میں لانچ ہوگی

وفاقی حکومت نے 5 جی ٹیکنالوجی کے سپیکٹرم کی نیلامی کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس کے تحت 2025 میں پاکستان بھر میں 5 جی ٹیکنالوجی کا آغاز کیا جائے گا۔

 وزارت آئی ٹی نے اس سلسلے میں ایک روڈ میپ تیار کیا ہے جس میں 5 جی ٹیکنالوجی کی لانچنگ اور نیلامی کے عمل کی تفصیلات شامل ہیں۔نیلامی کا عمل پانچ مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ سب سے پہلے پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کو کنسلٹنٹ کی سفارشات فراہم کرے گا، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں ایڈوائزری کمیٹی پالیسی اصلاحات کو حتمی شکل دے گی۔ایڈوائزری کمیٹی مارچ میں فائیو جی سپیکٹرم کی قیمتوں کا تعین اور تجارتی شرائط طے کرے گی۔ اپریل میں وفاقی حکومت پالیسی ڈائریکٹیو کی منظوری دے گی، اور پھر مئی 2025 میں پی ٹی اے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کرے گا۔

نیلامی کے لیے چار مختلف سپیکٹرم کی تجویز دی گئی ہے جن میں 700 میگا ہرٹز، 2300 میگا ہرٹز، 2600 میگا ہرٹز، اور 3500 میگا ہرٹز شامل ہیں۔ ان سپیکٹرم کی نیلامی سے 5 جی خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری وسائل حاصل کیے جائیں گے تاکہ پاکستان میں جدید ترین موبائل نیٹ ورک کی سہولت فراہم کی جا سکے۔یہ اقدامات 5 جی ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور یہ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان مستقبل کی مواصلاتی ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے ملک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بھی بہتر ہوں گی۔