ملک کے مختلف شہروں میں سرد موسم کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ دنوں کے دوران بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔لاہور میں موسم سرد اور مرطوب رہا، جہاں درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہوا کی رفتار 7 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 67 فیصد رہا۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ 3 کلومیٹر تک محدود رہی اور آسمان پر 51 فیصد بادل چھائے رہے۔ فضائی آلودگی کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم دن کے اوقات میں تیز دھوپ دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شمال مشرقی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ فضائی معیار کے لحاظ سے کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیرھویں نمبر پر ہے، جہاں آلودگی کی مقدار 147 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جن میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور گردونواح شامل ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جن میں اسکردو، ہنزہ، غذر، استور، دیامر اور شگر شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے یکم سے 3 فروری تک صوبے کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے موجود رہے، جبکہ مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔