ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری رک گئی، شدید سردی کی لہر برقرار

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری رک گئی، شدید سردی کی لہر برقرار

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ رکنے کے باوجود سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

بلوچستان کے بالائی اضلاع کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن اور قلات میں ہر طرف برف کی سفید چادر بچھی ہوئی ہے، جبکہ پاک افغان سرحدی علاقے بھی مکمل طور پر برف سے ڈھک گئے ہیں، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ادھر مری میں برفباری کے بعد سفید گالے پڑنے سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو گیا ہے اور سیاح خوب موج مستی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند ہو گئیں۔ انتظامیہ کے مطابق باغ اور پیر چناسی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ لیپہ ویلی شاہراہ کی بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔مظفر آباد سے تاؤ بٹ جانے والی مرکزی سڑک کئی روز گزرنے کے باوجود نہیں کھل سکی، جبکہ راولاکوٹ سے تولی پیر جانے والی شاہراہ بھی برفباری کے باعث بند ہو گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے نتیجے میں 19 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 47 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔کشمیر، خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار کے چند علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ مظفر آباد، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی، مری، منگلا اور مالم جبہ میں بادل برسنے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات اور پارا چنار میں پارا منفی 7 تک گر گیا۔ گوپس، مالم جبہ اور استور میں درجہ حرارت منفی 6، نتھیا گلی اور کالام میں منفی 5 جبکہ سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بلوچستان کے بالائی علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں شدید سردی کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقے استور میں شدید برفباری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں تاحال بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں میں بند سڑکوں کی بحالی کے لیے مشینری کے ذریعے کام جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقے آج بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جبکہ مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد سیکشن عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی میں سردی کی شدت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سردی کی لہر آئندہ چند دنوں تک برقرار رہے گی۔ آج کراچی میں دن کے اوقات میں موسم خشک جبکہ رات کے وقت سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔