خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال تبدیل ہونے جا رہی ہے، جہاں بارش، برفباری اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے 3 فروری تک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی حصوں کو متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اپر و لوئر اور کولائی پالس میں بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ میدانی اضلاع پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے جبکہ ناران، کاغان، کالام اور چترال سمیت کئی مقامات پر سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اسی تناظر میں تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی یکم سے 3 فروری تک صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری جبکہ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا جبکہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔