ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقہ جات، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں سرد ہواؤں، دھند اور جزوی ابر آلود موسم کی کیفیت برقرار رہے گی۔لاہور میں موسم سرد رہا جہاں درجہ حرارت 8 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں اور دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 73 سے 100 فیصد تک رہا۔ آلودگی کی سطح میں قدرے کمی کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس 151 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 17ویں نمبر پر آ گیا۔ دھند کے باعث بعض علاقوں میں حدِ نگاہ دو کلومیٹر تک محدود رہی۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ درجہ حرارت 11 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر جنوری کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد رہا اور شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چلتی رہیں۔ فضائی آلودگی کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 163 ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور خشک رہا، کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 16 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ کاغان، ناران اور شوگران میں درجہ حرارت منفی 22 سے منفی 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ مانسہرہ شہر میں پارہ منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شاہرہ کاغان اور شوگران روڈ کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے تاہم کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی برقرار ہے۔ برفباری کے باعث متعدد دیہاتوں کی رابطہ سڑکیں بند اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ادھر شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں برفباری اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گلیات، نتھیا گلی اور مری میں دوبارہ برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ وادی لیپہ جانے والی شاہراہ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔ کوئٹہ، قلات، مستونگ، پشین، چمن اور کوژک ٹاپ میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی لیپہ میں شدید برفباری کے دوران پیدل سفر کرنے والے پانچ افراد لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے مقامی افراد اور پاک فوج کے لیپہ گارڈز ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ اہلِ علاقہ نے بروقت کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔