امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران پر امریکی حملے کے خدشات کے پیش نظر خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانوی برینٹ خام تیل 2.50 ڈالر اضافے کے ساتھ 70.90 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑنے کا امکان ہے، جہاں یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔ تاہم پٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا 30 جنوری کو ورکنگ پیپر پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔