مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں نے بھی تیل کی عالمی رسد اور برآمدات متاثر ہونے کے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سرمایہ کار تیل کی سپلائی سے متعلق ممکنہ خطرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اس سے ایک روز قبل برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد اضافے کے بعد 85.41 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی باقاعدہ بندش نہیں ہوئی تھی۔
اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کسی بڑے اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہے، تاہم اس کے لیے عالمی منڈی میں تیل کی دستیاب رسد میں کمی کے واضح شواہد سامنے آنا ضروری ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتیں مسلسل چار ہفتوں کی گراوٹ کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں۔گزشتہ ہفتوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ یہ توقع بھی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں اضافہ نہیں کریں گے۔